امرتسر:(ملت+اے پی پی) پاکستانی ہائی کمشنرعبد الباسط نے بھارتی افسر کو پاکستانی صحافیوں سے بات چیت سے روکنے پر جھاڑ پلادی ہے۔ امرتسر میں پاکستانی ہائی کمشنرعبد الباسط سے میڈیا ہاؤس کے باہر لان میں پاکستانی صحافیوں نے بات کرنے کی کوشش کی جس پر بھارتی حکام نے سیکیورٹی کو جواز بنا کر نہ صرف انہیں روکنے کی کوشش کی بلکہ ناروا سلوک کا مظاہرہ بھی کیا جس پر پاکستانی ہائی کمشنرعبد الباسط نے انہیں جھاڑ پلادی۔ عبد الباسط کا کہنا تھا کہ یہ میرے لوگ ہیں اور کوئی مجھے ان سے ملنے سے روک نہیں سکتا تاہم پاکستانی ہائی کمشنر کی برہمی پر بھارتی حکام پیچھے ہٹ گئے۔ بھارتی حکام نے سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر مشیر خارجہ سرتاج عزیز کو بھی پریس کانفرنس کرنے سے روک دیا تھا۔