خبرنامہ

پی ٹی آئی حکومت نے 100روزہ پلان کے جائزے کیلئے ویب سائٹ بنا دی

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے100روزہ پلان کے جائزے کیلئے ویب سائٹ بنا دی،ویب سائٹ میں پلان کے بنیادی بڑے منصوبوں کو شامل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے حکومت کی کارکردگی جانچنے کے لیے ویب سائٹ لانچ کر دی، ویب سائٹ وزیر اعظم کے 100روزہ ایجنڈےکے نام سے بنائی گئی ہے۔

جس میں عمران خان حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

ویب سائٹ میں میں 100 روزہ پلان کے بنیادی بڑےمنصوبوں کو شامل کیا گیا ہے اور منصوبوں کی شروعات اور تکمیل سےمتعلق بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی ویب سائٹ پر فیڈریشن کی مضبوطی اور زراعت میں ترقی کی بھی معلومات موجود ہے۔

یاد رہے کہ عام انتخابات 2018 سے قبل 20 مئی کو پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سو دن کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ 100 دن کا منشور دے دیا ہے، یہ منشور ہماری سمت کا تعین کررہا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کے پی کےمیں حکومت کا تجربہ ہے، وفاقی حکومت مل جاتی تو ہماری ایسی تیاری نہ ہوتی، ہم نے کے پی کےمیں 5سال حکومت کرکے سیکھا ہے۔

سربراہ تحریک انصاف نے مزید کہا تھا کہ سو دن کے پلان کا مقصد حکومت کی تمام پالیسیاں بنانا ہے، سو دن کے پلان میں سوا3کروڑ سرکاری اسکولوں کے بچوں کی تعلیم پر توجہ دینی ہے، مدارس کے25لاکھ بچوں کو اعلیٰ تعلیم دینی ہے، مدارس کے بچوں کو بھی ڈاکٹر بنانا ہے، ہم نے نچلے طبقے کو اوپر لانا ہے، بیورو کریسی کو غیرسیاسی کیا جائے گا، سرکاری اسپتالوں کو ٹھیک کرنے گئے تو مافیا کا سامنا کرنا پڑا۔