خبرنامہ انٹرنیشنل

افغان صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملہ، داعش کمانڈر سمیت 18 جنگجو ہلاک

کابل :(ملت+ اے پی پی) افغانستان کے صوبے ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں داعش کے کمانڈر سمیت18 جنگجو ہلاک ہو گئے،افغان حکومت اور حزب اسلامی کے درمیان امن معاہدے پر(آج) جمعرات کو دستخط ہوں گے۔افغان میڈیا اور برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق صوبائی پولیس حکام نے کہا کہ بدھ کی صبح ضلع آچین میں یہ کارروئی کی گئی ہے جس کے نتیجے میں داعش کے کمانڈر اور قاضی سمیت 18 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ضلع ننگرہار کی پولیس کے ترجمان حضرت حسین مشرقی وال نے بی بی سی افغان سروس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح چار بجے اْس شخص کے مکان پر ہوا جو چند روز قبل حج کا فریضہ ادا کر کے وآپس آیا تھا۔انھوں نے بتایا کہ ڈرون حملے میں مکان کو اْس وقت نشانہ بنایا گیا جب حاجی سے ملنے کے لیے لوگ ان کے مکان پرجمع تھے۔صوبائی پولیس کے ترجمان مشرقی وال کے مطابق اس حملے میں شدت پسند تنظیم داعش کے ایک کمانڈر اور ایک قاضی بھی ہلاک ہوئے ہیں، تاہم ہلاک ہونے والوں میں عام لوگ بھی شامل ہیں۔دوسری جانب اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون حملے میں شدت پسند نہیں بلکہ عام لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار کے بیٹے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ (آج) جمعرات کو امن معاہدے پرصدارتی محل میں دستط ہوں گے جس میں 500 نمایاں سیاسی شخصیات شرکت کریں گی۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری حزب اسلامی سے پابندیاں اٹھانے کے لئے تیار ہے۔