خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکا میں سیاہ فام عیسائیوں کا چرچ نذرآتش،ایف بی آئی نے تحقیقات شروع کردی

واشنگٹن(ملت + آئی این پی) امریکی ریاست میسی سپی میں سیاہ فام عیسائیوں کے گرجا گھرکو نذرآتش کردیا گیا،ایف بی آئی نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست میسی سپی کے علاقے گرینفیل میں سیاہ فام عیسائیوں کے گرجا گھرکو نامعلوم افراد نے نذرآتش کردیا۔ حملہ آوروں نے گرجا گھرکوجلانے کے بعد امریکی صدارتی انتخاب کے لئے ریپبلکن پارٹی کے امیدوارڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں نعرے بھی درج کئے۔امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی حکام کے مطابق چرچ کو آگ لگائے جانے کے واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں۔ فائربریگیڈ حکام سربراہ روبن بران نے فون پربتایا کہ چرچ میں آتش زدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم چرچ کا اندرونی حصہ آگ لگنے سے بری طرح متاثرہوا ہے۔ایف بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعہ کی ہرطح سے تحقیقات کر رہے ہیں، چرچ کو نذر آتش کرنے میں ملوث عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔