خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ، اوکلاہوما میں ہلاک ہونے وا لا سیاہ فام شخص غیر مسلح تھا ،حکام

واشنگٹن: (آئی این پی) امریکی ریاست اوکلاہوما کے شہر تلسا کی پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کو پولیس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والا سیاہ فام شخص غیر مسلح تھا۔ دوسری جانب ٹیرنس کراچر کے رشتے داروں کا کہنا ہے کہ انھیں ان کی گاڑی کے قریب اس وقت گولی ماری گئی جب ان کے ہاتھ فضا میں تھے۔ تلسا پولیس کے سربراہ چنک جارڈن کا کہنا ہے کہ’مشتبہ شخص کے پاس یا اس کی گاڑی میں بندوق نہیں تھی۔‘ انھوں نے انصاف کے تقاضے پورے کرنے کا وعدہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے کی گاڑی میں نصب کیمرے کی ریکارڈنگ جاری کرے گی۔ اطلاعات کے مطابق پولیس سیاہ فام امریکی شخص ٹیرنس کراچر کی کھڑی گاڑی کے سامنے اس وقت آئی جب وہ راستے میں ایک دوسری کال پر تھی۔ پولیس ہیلی کاپٹر کے فوٹیج کے مطابق جس وقت ٹیرنس کراچر کو گولی لگی اس وقت ان کے ہاتھ فضا میں تھے جو ان کے خاندان کے دعوے کی تصدیق کرتا ہے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ سیاہ فام امریکی شخص کو گولی ماری گئی اور وہ ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔دوسری جانب ٹیرنس کراچر کی جڑواں بہن ٹیفانی نے اپنے بھائی کی ہلاکت کے خلاف پرامن مظاہروں کی اپیل کی ہے۔انھوں نے واقعہ میں ملوث پولیس افسر کے خلاف کریمینل چارجز کے تحت مقدمہ قائم کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔