خبرنامہ انٹرنیشنل

امریکہ کاشام میں امدادی قافلے پر’فضائی‘حملہ پر برہمی کااظہار

دمشق (آئی این پی ) شام میں فوج کی جانب سے ایک ہفتے سے جاری جنگ بندی کے خاتمے کے اعلان کے فوراً بعد ہی حلب میں ایک امدادی قافلے پر فضائی حملہ کیا گیا ۔ مبصرین کے مطابق حملے میں کم سے کم 12 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ امریکہ نے شام میں امدادی قافلے پر حملے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ شامی ریڈ کریسنٹ کا قافلہ اورم الکبریٰ کے علاقے میں اقوامِ متحدہ کی جانب سے امداد لے کر جا رہا تھا۔ امریکی وزارتِ خارجہ کے ترجمان جان کربی کا کہنا تھا ’شامی حکومت اور روس کو اس قافلے کی منزل کا پہلے سے علم تھا۔‘ ’پھر بھی شامی لوگوں کو امداد پہنچانے کی کوشش کرنے والے یہ امدادی کارکن مارے گئے۔‘ برطانیہ میں موجود انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ حملہ شامی یا روسی فوج کی جانب سے کیا گیا ہے تاہم دمشق نے اس پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔ اقوامِ متحدہ میں امدادی ادارے کے سربراہ سٹیفن او برائن کا کہنا تھا کہ یہ ایک ’سنگ دل‘ حملہ تھا اور اسے جان بوجھ کر کیا گیا جرم سمجھا جائے گا۔اقوامِ متحدہ کے ترجمان کے مطابق 31 میں سے 18 گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ قافلہ 78 ہزار افراد کے لیے امداد لے کر جا رہا تھا۔