خبرنامہ انٹرنیشنل

اوٹاوہ کے علاقے سسیکس ڈرائیو پر مزید سفارت خانوں کی تعمیر روک دی گئی

اوٹاوا ۔ 16 اکتوبر (ملت + اے پی پی)کینڈین حکومت نے اوٹاوا کے سسیکس ڈرائیو پر مزید سفارت خانوں کی تعمیر پر پابندی عائد کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ پابندی حفاظتی نکتہ نظر سے عائد کی گئی ہے۔ امریکا ، فرانس ، کویت ، سعودی عرب اور جنوبی افریقہ کے سفارت خانوں کے علاوہ گورنر جنرل اور وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ بھی اسی سڑک پر واقع ہے۔ جنوری میں آر سی ایم پی کے ایک حالیہ سروے کی بنا پر وزیر خارجہ سٹیفن ڈیون کو ان کے نائب ڈینیل جین ، جن کو بعد میں وزیر اعظم کا قومی سلامتی کا مشیر مقرر کر دیا گیا تھا ، نے ایک یاد داشت میں یہ مشورہ دیا تھا کہ اس سڑک پر مزید سفارت خانوں کی تعمیر کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے۔ چنانچہ اب محکمہ نے مذکرہ علاقے میں سفارت خانوں کی تعمیر کے لئے زمین کی منظوری دینا بند کر دی ہے۔کینیڈا نے تمام ممالک سے کہا ہے کہ سفارت خانوں کی تعمیر کے لئے زمین کے حصول سے قبل حکومت کی منظوری حاصل کریں۔