خبرنامہ انٹرنیشنل

ایران شام اور یمن کے حوالے سے اپنا رویہ تبدیل کرے،امریکی ترجمان

واشنگٹن۔ 07 نومبر (ملت + اے پی پی) امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر کا کہنا ہے کہ ایران کا خطے میں برتاؤ بالخصوص شام اور یمن کے حوالے سے رویہ منفی اور غیر تعمیری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹونر نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پورے خطے میں خاص طور پر شام اور یمن کے حوالے سے اپنا رویہ تبدیل کرے۔ ترجمان نے باور کرایا کہ خطے میں ایران کا برتاؤ جوہری معاہدے کے بعد بھی تبدیل نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ ایران میں امریکا دشمنی پر مبنی نعرے انتہا پسندانہ سیاسی موقف کی ترجمانی کرتے ہیں، تاہم یہ ایران اور امریکا کے درمیان تعاون کی راہ میں رکاوٹ ہر گز نہیں بنیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم خطے میں بالخصوص شام یمن اور مشرق وسطی کے دیگر علاقوں کے حوالے سے ایران کے مستقبل کے رویے کی جانب دیکھ رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس کے مواقف مثبت اور تعمیری ہوں گے۔واضح رہے کہ مارک ٹونر کا یہ بیان ایران میں جمعہ کو ہونے والے مظاہروں میں امریکا مخالف نعروں پر تبصرے کے طور پر سامنے آیا ہے۔