خبرنامہ انٹرنیشنل

ایف بی آئی نے ہلیری کلنٹن کو ای میل اسکینڈل میں پھر کلیئر قرار دیدیا

واشنگٹن(ملت + آئی این پی )ایف بی آئی نے امریکا کی حکمران جماعت ڈیمو کریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کو ای میل اسکینڈل میں ایک مرتبہ پھر کلیئر قرار دیدیا۔ غیر ملکی میڈیاکے مطابق ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز بی کومے نے کانگریس کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ کلنٹن نے کوئی خفیہ راز افشا نہیں کیا۔ ترجمان ہلیری کلنٹن نے ایف بی آئی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومے نے کانگریس کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ایف بی آئی نے اٹھائیس اکتوبر کے اعلان کے مطابق نئی ڈیوائس سے ملنے والی ہلیری کلنٹن کی ای میلز کا دوبارہ جائزہ لیا اور نظرثانی کا عمل مکمل کرنے کے بعد ادارہ اس نتیجے پر پہنچاہے کہ ہلیری کلنٹن نے اپنے نجی سرور سے بھجی گئی ای میلز میں نہ کوئی خفیہ معلومات افشا کی اور نہ ہی کوئی قومی راز بتایا۔ ایف بی آئی اپنے سابقہ فیصلے پر قائم ہے۔اس سے قبل جولائی میں ہونے والی تحقیقات کے دوران ایف بی آئی نے ہلیری کلنٹن کو کلیئر قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ سابق وزیر خارجہ کے خلاف مقدمے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ ترجمان ہلیری کلنٹن نے ایف بی آئی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔اس سے پہلے ری پبلکن امیدوار ٹرمپ نے آئیووا میں انتخابی ریلی سے خطاب میں ہیلری کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ہیلری کے صدر بننے کی صورت میں آئینی بحران پیدا ہو گا جبکہ ای میلز کے ذریعے انہوں نے امریکا کی قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالا۔