خبرنامہ انٹرنیشنل

ایٹمی ہتھیار ایران نہیں ،اسرائیل کے پاس ہیں

واشنگٹن :(ملت+ اے پی پی) امریکا میں گرین پارٹی کی جانب سے صدارتی انتخابات کی امیدوار جیل سٹین نے مشرق وسطی کے بارے میں واشنگٹن کی خارجہ پالیسی کو جنگ پسندانہ قرار دیا ہے۔امریکا کے صدارتی انتخابات میں گرین پارٹی کی امیدوار جیل سٹین نے واشنگٹن کی خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطی میں ایٹمی ہتھیار ایران کے پاس نہیں بلکہ اسرائیل کے پاس ہیں۔ انہوں نے گذشتہ عشروں کے دوران امریکا کی خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ امریکہ اب اپنی خارجہ پالیسی تبدیل کردے۔ امریکا کی گرین پارٹی کی صدارتی امیدوار جیل سٹین نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ہلیری کلنٹن کے درمیان مباحثے کے بعد ان دونوں ہی امیدواروں کے موقف پر تنقید کی اور کہا کہ دونوں کا ہی نظریہ وہی ہے جو گذشتہ کئی عشروں سے امریکا کی حکومتوں کا رہا ہے۔ انہوں نے کھل کر کہا کہ امریکہ مشرق وسطی اور پوری دنیا میں سبھی فریقوں کو ہتھیار فروخت کرتا ہے۔ جیل سٹین نے کہا کہ امریکا کی اس مضحکہ خیز خارجہ پالیسی سے جس واحد فریق کو فائدہ پہنچ رہا ہے وہ امریکا کی اسلحہ ساز کمپنیاں ہیں۔ انہنوں کہا کہ ہیلری کلنٹن نے لیبیا پر امریکا کے حملے کے دوران قائدانہ کردار ادا کیا تھا اور عراق پر حملے کی بھی حمایت کی تھی اور ٹرمپ بھی عراق پر امریکا کی لشکر کشی کے حامی تھے۔