خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت میں حکومتی پالیسیوں سے نالاں ایک اور ریٹائرڈ فوجی نے خود کشی کرلی

نئی دہلی (ملت + آئی این پی) بھارت میں حکومتی پالیسیوں سے نالاں ایک اور ریٹائرڈ فوجی نے خودکشی کرلی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق ون رینک ون پنشن پالیسی کے خلاف احتجاج کرنے والے سابق فوجی کشن گریوال نے نئی دہلی کے علاقے جنتر منتر کے پارک میں زہر کھا کر خود کشی کرلی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کشن گریوال اپنے ساتھیوں کے ہمراہ وزارت دفاع میں حکومت کی جانب سے ون رینک ون پنشن پالیسی کے خلاف ایک یادداشت جمع کرانا چاہتا تھا۔خود کشی کرنے والے سابق فوجی اہلکار کے بیٹے رام کشن گریوال کا کہنا تھا کہ ان کے والد نے انہیں فون پر بتایا کہ وہ خود کشی کرنے جا رہے ہیں کیونکہ حکومت نے ون رینک ون پنشن پالیسی کے حوالے سے ان کے مطالبات پورے نہیں کئے۔ دوسری جانب کشن گریوال کے دوستوں کا کہنا ہے کہ ون رینک ون پنشن پالیسی کی وجہ سے وہ کافی عرصے سے پریشان رہنے لگا تھا۔عام آدمی پارٹی کے سربراہ اور نئی دلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھارتی وزیراعظم نریندور مودی کو نتقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت میں کسان اور فوجی خودکشیاں کر رہے ہیں، اگر ون رینک ون پنشن کی پالیسی پر عمل درآمد ہو جاتا تو کشن گریوال خود کشی کیوں کرتا۔