خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت نے اسلام آباد میں 8اہلکاروں پر لگائے گئے الزامات مسترد کردیئے

نئی دہلی (ملت + آئی این پی) بھارت نے اسلام آباد میں اپنے ہائی کمیشن کے 8اہلکاروں پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے سفارتکاروں کی واپسی قواعدوضوابط کی کاروائی جبکہ سفارتکاروں پرلگائے گئے الزامات بے بنیاد اور غیر مصدقہ ہیں،حکومت صورتحال کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضرروری اقدامات کرے گی ۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوراپ کا پاکستان سے بھارتی سفارتکاروں کی واپسی سے متعلق ایک سوال پر کہنا تھا کہ یہ ایک قواعدو ضوابط کا معاملہ ہے ۔حکومت صورتحال کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضرروری اقدامات کرے گی ۔وکاس سوراپ نے 8سفارتکاروں کو وطن واپس لانے کے طریقہ کار سے متعلق مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔ترجمان کا کہنا تھاکہ سفارتکاروں پرلگائے گئے الزامات بے بنیاد اور غیر مصدقہ ہیں۔انکا کہنا تھاکہ آٹھوں بھارتی سفارتکاروں کے ناموں اور تصاویر اور چار اہلکاروں کے پاسپورٹوں کو جس طرح سے شائع کیا گیا ہے وہ سفارتی اصولوں کے خلاف ہے ۔یہ لوگ عوام سے عوام اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی رابطوں کو فروغ دینے کیلئے سرگرم تھے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے 8 سفارت کاروں کا تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ ملک کی سیکیورٹی ایجنسیز نے سفارتکاروں کے لبادے میں تخریب کاروں کا ایک نیٹ ورک پکڑ لیا جن میں سے ایک سرجیت سنگھ کو گزشتہ ہفتے ملک بدر کردیا گیا تھا تاہم اب مزید دو نام نہاد سفارت کاروں بلبیرسنگھ اور راجیش کماراگنی ہوتری کے بھی اس نیٹ ورک میں شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ بلبیر سنگھ بھارتی کمیشن میں فرسٹ سیکریٹری پریس انفارمیشن تعینات ہے جب کہ وہ درحقیقت بھارتی ایجنسی آئی بی کا اہلکار ہے۔ اس کے علاوہ راجیش کمار اگنی ہوتری کمرشل قونصلر کے لبادے میں تعینات را کا کارندہ ہے۔ بلبیر سنگھ آئی بی کے کارندوں سے پاکستان میں تخریبی کارروائیاں کروا رہا ہے، گزشتہ ہفتے پاکستان سے ملک بدر کیا گیا سفارتی اہلکار سرجیت سنگھ بھی بلبیر سنگھ ہی کے نیٹ ورک کا حصہ تھا، سرجیت سنگھ نے عبدالحفیظ کے نام سے موبائل فون کمپنی کا جعلی کارڈ بھی بنوایا ہوا تھا۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلبیرسنگھ اور راجیش کمار اگنی ہوتری کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا کہا جائے گا، آئندہ کچھ روز کے دوران پاکستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک چلانے والے مزید کئی نام نہاد بھارتی سفارتکاروں کے نام سامنے آئیں گے۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل بلوچستان سے را کا افسر کل بھوشن یادیو پکڑا گیا تھا جسے مسلمان کی حیثیت سے بھارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا اور اس کے پاسپورٹ پر ایران کا ویزا تھا۔ کل بھوشن نے اعتراف کیا تھا کہ وہ بھارتی بحریہ کا حاضر سروس افسر ہے اور را میں کئی برسوں سے خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔