خبرنامہ انٹرنیشنل

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، چوہدری اعجاز شفیع

رحیم خان۔15 اکتوبر(اے پی پی ) چیئرمین ضلعی اوورسیز کمیٹی رحیم یار خان/ رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اعجاز شفیع نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا اور ان کے مسائل و شکایات پر مبنی درخواستوں پر تمام متعلقہ محکمے بروقت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ریلیف فراہم کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی اوورسیز کمیٹی کے اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے موصول مختلف محکمانہ درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے کیا۔ضلعی اوور سیز کمیٹی میں ضلع کی چاروں تحصیلوں سے 21بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی درخواستوں پر سماعت کی گئی ۔چوہدری اعجاز شفیع نے ڈسٹرکٹ اٹارنی کو ضلعی اوور سیز کمیٹی کے فیصلوں پر اثر انداز ہونے اور انہیں التواء کا شکار رکھنے کے لئے عدالتوں سے حاصل کئے جانے والے سٹے کو فوری ختم کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں میں کیسز کی نتیجہ خیز پیروی کی جائے جبکہ انہوں نے ریونیو کورٹ میں بھی زیر التوا کیسز جلد ختم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بھی بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور ان کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے تمام محکموں کو واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر عدنان خان، فوکل پرسن اوور سیز پاکستانی کمیٹی جام محمد نعیم سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور اوور سیز پاکستانیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔