خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی میں کار بم دھماکہ ،10فوجیوں سمیت 18افراد ہلاک

جنوب مشرقی صوبے حکاری میں بارود سے لدی کار کو ترک فوجیوں کے ایک مرکز کے سامنے اڑایا گیا،سیکورٹی حکام
ترک فوج نے دھماکے کے بعد باغیوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے ،ملک میں استحکام کیلئے کچھ بھی کریں گے ہم اپنی قوم اور ملک کا دفاع کریں گے اور اسے دہشتگردی سے بچائیں گے ،ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کی پریس کانفرنس
انقرہ(ملت+آئی این پی ) ترکی کے جنوب مشرقی صوبے ہکاری میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں10فوجیوں سمیت 18افراد ہلاک اور 27زخمی ہوگئے ،ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کے بعد باغیوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے ،ملک میں استحکام کیلئے کچھ بھی کریں گے ہم اپنی قوم اور ملک کا دفاع کریں گے اور اسے دہشتگردی سے بچائیں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک سیکورٹی حکام نے بتایا ہے کہ جنوب مشرقی صوبے حکاری میں بارود سے لدی کار کو ترک فوجیوں کے ایک مرکز کے سامنے اڑایا گیا جس کے نتیجے میں10فوجیوں سمیت 18افراد ہلاک اور 27زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ چیک پوسٹ پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی تھی کہ اس دروان ایک گاڑی میں دھماکا ہوگیا ۔ تاحال کسی بھی گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری کسی قبول نہیں کی گئی تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ دھماکا کرد باغیوں کی کارروائی ہے۔اسی علاقے میں ترک فوج نے کرد عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔ دوسری جانب ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دھماکے کی مذمت کی اور کہاکہ حملے میں 18افراد ہلاک ہوئے ہیں۔انکا کہنا تھاکہ ترک فوج نے دھماکے کے بعد باغی عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا ہے ۔ملک میں استحکام کیلئے کچھ بھی کریں گے ہم اپنی قوم اور ملک کا دفاع کریں گے اور اسے دہشتگردی سے بچائیں گے ۔ترک صدر نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی ہے ۔ ادھر شام کے شمالی علاقے کو دہشتگرد عناصر سے پاک کرنے کے لئے ترکی کی مسلح افواج کی طرف سے 24 اگست کو شروع کئے گئے فرات ڈھال آپریشن کے دائرہ کار میں داعش کے 31 اراکین کو ہلاک کر دیا گیا ہے