خبرنامہ انٹرنیشنل

خانہ جنگی میں زیادہ تر شامی حکومت نے اپنے شہریوں کو مارا، بان کی مون

نیویارک (آئی این پی )اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے جنرل اسمبلی سے اپنے آخری خطاب میں شامی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ سالہ خانہ جنگی میں اس نے زیادہ تر اپنے شہریوں کو ہلاک کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل بان کی مون کا کہنا تھا کہ جو بھی شام میں ایک دوسرے سے جنگ لڑنے والوں کی حمایت کرتا ہے، ان کے ہاتھوں پر بھی خون لگا ہوا ہے۔ بان کی مون نے کہا کہ بہت سے گروہوں نے بہت سے معصوموں کو مارا ہے مگر شامی حکومت سے زیادہ نہیں جس نے علاقوں کو بیرل بموں سے نشانہ بنایا اور منظم انداز میں ہزاروں قیدیوں پر تشدد کیا۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ کے قافلے پر حملے کو بیزار کر دینے والا وحشیانہ اور بظاہر جان بوجھ کر کیا گیا اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے۔