خبرنامہ انٹرنیشنل

خطے میں ایران کا برتاؤ نیوکلیئرمعاہدے کے بعد بھی تبدیل نہیں ہوا، امریکا

واشنگٹن(ملت + آئی این پی) امریکہ نے کہا ہے کہ ایران کا خطے میں شام اور یمن کے حوالے سے رویہ غیر مثبت اور غیر تعمیری ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز معمول کی بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہاکہ ایران پورے خطے میں خاص طور پر شام اور یمن کے حوالے سے اپنے رویے کو تبدیل کرے۔ امریکی ترجمان نے کہا کہ خطے میں ایران کا برتاو ایٹمی معاہدے کے بعد بھی تبدیل نہیں ہوا۔ ترجمان نے کہا کہ ایران میں امریکا دشمنی پر مبنی نعرے انتہا پسند سیاسی موقف کی ترجمانی کرتے ہیں، تاہم یہ ایران اور امریکا کے درمیان تعاون کی راہ میں رکاوٹ ہر گز نہیں بنیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہم خطے میں بالخصوص شام ، یمن اور مشرق وسطی کے دیگر علاقوں کے حوالے سے ایران کے مستقبل کے رویے کی جانب دیکھ رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اس کا موقف مثبت اور تعمیری ہوگا۔