خبرنامہ انٹرنیشنل

دہشتگردی بارے مغربی ممالک کی دوغلی پالیسی باعث افسوس ہے ،ترک وزیر اعظم

انقرہ ۔ 09 نومبر (ملت + اے پی پی) ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ مغربی ممالک نے دہشتگردی کے معاملے میں دوغلی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ترک میڈیا کے مطابق انھوں نے اق پارٹی کے پارلیمانی گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علیحدگی پسند دہشتگرد تنظیم پی کے کے کی آمدنی کا اہم ذریعہ منشیات کی سمگلنگ ہے۔ ترکی میں ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں منشیات کا استعمال کافی کم ہے۔پی کے کے کا ہدف یورپی نوجوانوں کو منشیات فروخت کرنا ہے۔ انھوں نے پی کے کے کی حمایت کرنے والے یورپی ممالک سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ترکی کے قانونی اور اندورنی معاملات میں مداخلت کر نے کے بجائے اپنے نوجوانوں کو منشیات کا عادی بنانے والی تنظیم پی کے کے کے خلاف کوئی قدم اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور انسانی حقوق کے معاملے میں ترکی کو درس دینے والے یورپی ممالک دہشت گردی کے معاملے میں دوھرا معیار اپنائے ہوئے ہیں اور جان و مال کی سلامتی کو نظر انداز کیے ہوئے ہیں۔وزیر اعظم بن علی یلدرم نے خبر دار کیا کہ ترکی کے خلاف غلط پروپیگنڈا کرنے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہو گا۔