خبرنامہ انٹرنیشنل

سمندری طوفان ساریکا فلپائن کے ساحلوں سے ٹکرا گیا

منیلا ۔ 16 اکتوبر (ملت + اے پی پی) سمندری طوفان ساریکا اتوار کو فلپائن کے جزیرہ لوزون کے ساحلوں سے ٹکرا گیا۔ فلپائن کے ذرائع ابلاغ کے مطابق سمندری طوفان کی وجہ سے کئی مکانوں کی چھتیں اڑ گئیں جبکہ بجلی اور کمیونیکیشن کی لائنوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ حکام کے مطابق اب تک 12 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ایک روز قبل طوفان سے ایک شخص کے ہلاک اور تین کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ملی تھیں۔ حکام نے بتایا کہ تیز لہروں کی وجہ سے کشتی الٹنے کے نتیجے میں متعدد افراد ڈوب گئے ہیں تاہم ان میں سے 11 کو بچا لیا گیا۔ حکام کے مطابق اس وقت ہزاروں کی تعداد میں کشتیوں کے ذریعے سفر کرنے والے مسافر مختلف ساحلوں پر پھنس کر رہ گئے ہیں۔ امدادی اداروں نے متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں شروع کردی ہیں۔