خبرنامہ انٹرنیشنل

سی پیک منصوبہ پاکستان میں استحکام کا سبب ہے ، خالد ہاشم

بیجنگ (ملت + آئی این پی) چین ۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) جو کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا اہم اور پائلٹ پراجیکٹ کی بدولت پاکستان میں استحکام قائم کرنے میں مدد مل رہی ہے، مزید برآں اس منصوبے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں نے ملک میں جہادیوں کی بھرتی میں نمایاں کمی کر دی ہے۔یہ بات تھائی لینڈ میں قائم پریشیس شپنگ پی سی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد ہاشم نے ایک ہفتے جاری رہنے والے دوبئی میری ٹائم سربراہی اجلاس میں بتائی ہے ، اس کی اطلاع چینی میڈیا نے دی ہے ،2018ء تک پاکستان میں چین کے بجلی پیدا کرنیوالے منصوبوں کا حصہ ملکی بجلی کھپت کا ایک تہائی تک پہنچ جائے گا ۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں سی پیک کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کا بیلٹ و روڈ منصوبہ مشرقی ایشیاء سے یورپ تک پھیلے ہوئے خطے کیلئے نہ صرف نئی مہمیز فراہم کرتا ہے بلکہ اس سے زیادہ تر وسطی ایشیاء اور مشرقی وسطیٰ میں سیاسی استحکام کو فروغ حاصل ہو گا ، یہ منصوبہ دوسری جنگ عظیم کے بعد مارشل پلان کے تحت یورپ میں امریکی سرمایہ کاری سے بارہ گنا بڑا ہے ۔خالد ہاشم نے کہا کہ لیبیا یا تیونس جیسے سیاسی بحرانوں میں مبتلا عرب ممالک بھی یکساں فوائد حاصل کر سکتے ہیں اور اگر منصوبے کے پراجیکٹ شمالی افریقہ میں خوشحالی اور روزگار پیدا کر سکتے ہیں تو یہ عرب ممالک استحکام کی واپسی کا راستہ ڈھونڈ سکتے ہیں ،چین کا بیلٹ و روڈ منصوبہ مشرقی ایشیاء کو وسطی ایشیاء ، مشرق وسطیٰ اور مشرقی افریقہ کے ذریعے مغربی یورپ تک 65ممالک کو ملانے کا ماسٹر پلان ہے ، اس منصو بے کا اجراء چینی صدر شی جن پنگ نے ستمبر 2013ء میں کیاتھا ۔ہاشم کے مطابق یہ منصوبہ دنیا کی مجموعی آبادی کا نصف سے زائد 4.4بلین عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنا سکتا ہے ، ہاشم کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے میری ٹائم کلسٹر شمالی جرمنی کے بورڈ کے رکن سٹیفن پیوورس نے کہا کہ ایشیاء کے ساتھ بحری روٹوں کے ذریعے زیادہ تجارت سے یورپ اور ایشیاء دونوں میں روزگار کے زیادہ مواقع پیدا ہو سکتے ہیں ۔