خبرنامہ انٹرنیشنل

شام،حلب میں طبی مرکز پرحملےمیں عملےکے4 ارکان ہلاک

دمشق۔: (اے پی پی) شام میں طبی امداد فراہم کرنے والی ایک فرانسیسی تنظیم نے کہا ہے کہ حلب میں اس کے طبی مرکز پر ہونے والے حملے میں عملے کے 4 ارکان ہلاک ہوگئے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق انٹرنیشنل یونین آف میڈیکل کیئر اور ریلیف آرگنائزیشن نے کہا ہے کہ منگل کی شب شمالی شام کے شہر حلب میں باغیوں کے علاقے میں ایک طبی مرکز پر حملہ ہوا ہے جس میں وہ زمیں بوس ہو گیا۔ اس میں مزید لاشوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ علاقے میں گروپ کے ہسپتالوں کے ڈائریکٹر احمد دباس نے ایک بیان میں کہا کہ عمارت تین منزلہ تھی جس میں بیسمنٹ بھی تھا لیکن بمباری کے سبب عمارت پوری طرح زمیں بوس اور مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ حملے میں 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں 4 نرسیں اور طبی عملے اور نو باغی شامل ہیں۔ ان کے مطابق یہ باغی القاعدہ سے منسلک گروپ فتح الشام فرنٹ سے تعلق رکھتے تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پیر کو شام کے شہر حلب کے قریب اقوامِ متحدہ کے امدادی قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 20 افراد ہلاک ہوئے جبکہ سامان سے بھرے 31 میں سے 18 ٹرک تباہ ہو گئے تھے۔