خبرنامہ انٹرنیشنل

شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل کا تجربہ ناکام، امریکا

واشنگٹن ۔ 16 اکتوبر (ملت + اے پی پی) امریکی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے درمیانے فاصلے پر مار کرنے والے میزائل کا تجربہ ناکام ہو گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی وزارت دفاع یعنی پینٹاگون کا کہنا ہے کہ یہ ٹیسٹ شمالی کوریا کے شمال مغربی شہر کسونگ میں ہفتے کو کیا گیا تھا۔امریکی بحریہ کے کمانڈر گیری راس نے ایک بیان میں کہا کہ شمالی کوریا کا میزائل شمالی امریکا کے لیے خطرے کا باعث نہیں ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ تھا۔تاہم امریکی بیان پر شمالی کوریا نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔واضح رہے کہ یہ ٹیسٹ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شمالی کوریا دور فاصلے تک مار کرنے والے راکٹ یا ایٹمی تجربہ کرے گا۔