خبرنامہ انٹرنیشنل

عراق، جزیرہ حدیثہ دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا

بغداد ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی) عراق کے مغربی صوبے الانبار کے مختلف علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرنے کی کارروائیوں کے دوران جزیرہ حدیثہ کے علاقے کو بھی داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کے ساتویں بریگیڈ کے کمانڈر احمد کلیب نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عراقی فورسز نے جزیرہ حدیثہ کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے اس موقع پر عراقی فورسز کو دہشت گردوں کی جانب سے سنگین مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔دو روز قبل عراقی سیکورٹی فورسز نے جزیرہ ہیت کو بھی مکمل طور پر آزاد کرا لیا تھا۔عراقی فوج کے اس کمانڈر کے مطابق صوبہ الانبار اور صلاح الدین کے درمیان حدیثہ ۔ بیجی شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لیے بھی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔