خبرنامہ انٹرنیشنل

عراق میں مہاجرین کے ایک نئے بحران کا خدشہ ہے ، امدادی اداروں کا انتباہ

اوسلو(آئی این پی )بین الاقوامی امدادی اداروں نے اشارہ دیا ہے کہ عراق میں اندرون ملک بیدخل ہونے والے مہاجرین کا ایک نیا بحران پیدا ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امدادی اداروں کی جانب سے یہ بات عراق کے دوسرے بڑے شہر موصل کا قبضہ اسلامک اسٹیٹ سے چھڑانے کے لیے ممکنہ جنگ کے تناظر میں کہی گئی ہے۔ نارویجین ریفیوجی کونسل کے ترجمان کے مطابق عراق میں اکاون ہزار مہاجرین کو پہلے سے نصب شدہ خیموں میں بسایا جا سکتا ہے۔ موصل کے دو لاکھ سے زائد شہریوں کی عارضی آباد کاری کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے مہاجرین کے ادارے کے مطابق موصل کی لڑائی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والوں کے لیے اضافی طور پر دو سو ملین ڈالر درکار ہوں گے۔