خبرنامہ انٹرنیشنل

عوام کے ساتھ مل کر امریکا کو ایک بار پھر مضبوط بنائیں گے، نومنتخب امریکی صدر

واشنگٹن:(ملت+اے پی پی) امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ عوام کے ساتھ مل کر اپنے ملک کو ایک بار پھر مضبوط بنائیں گے۔صدارتی انتخابات میں فتح کے بعد اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آج ہر مذہب، رنگ ونسل اور تہذیب سے تعلق رکھنے والے امریکی کے لئے تاریخی لمحہ ہے، یہ ایک انتخابی مہم نہیں بلکہ تحریک تھی کہ کوئی خواب اور کوئی چیلنج بڑا نہیں ہوتا، محنت سے سب کچھ حاصل کیا جاسکتا ہے،میں تمام امریکیوں کا صدرہوں، اس لئے ان تمام امریکیوں کا بھی شکرگزار ہوں جنہوں نے میری حمایت نہیں کی، ہیلری کلنٹن نے مجھے فون کیا اور فتح پر مبارکباد دی، میں نے بھی انہیں بھرپورانتخابی مہم چلانے پر سراہا، وقت آگیا ہے کہ ہم سب اکھٹے ہو جائیں، ہماری حکومت لوگوں کی خدمت کرے گی، ہم ایک بار پھر امریکا کے خوابوں کو پورا کریں گے۔ٹرمپ نے کہا کہ میں تمام امریکیوں کا صدرہوں، میں مخالفین کو ساتھ آنے کی دعوت دیتا ہوں، ہم مل کر امریکا کوعظیم سے عظیم تر بنائیں گے، ہمارے پاس ایک مضبوط معاشی منصوبہ ہے جس کے ذریعے دنیا میں دوبارہ معاشی طاقت بن کر ابھریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب سے قبل نائب صدر کے امیدوار مائیک پینس نے کہا کہ امریکا نے نیا عالمی چیمپئن منتخب کرلیا، ٹرمپ کے نظریے سے امریکا ایک بار پھر پورے عالم میں جگمگائے گا، مجھے امریکا کے نائب صدر بننے پر فخر ہے، میں بھرپور طریقے سے امریکا کی خدمت کروں گا۔