خبرنامہ انٹرنیشنل

غیرت کے نام پر قتل، قانون سازی خوش آئند ہے، امریکہ

واشنگٹن (آئی این پی ) امریکہ نے غیرت کے نام پر قتل کے خلاف قانون سازی کا خیر مقد م کرتے ہوئے کہاہے کہ قانون سازی پاکستان میں خواتین کے تحفظ کی جانب اہم قدم ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان جان کربی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں غیرت کے نام پر قتل کے خلاف بل کی منظوری خوش آئند اور خواتین کے تحفظ کی جانب اہم قدم ہے۔ اس سے معاشرے میں خواتین کی بھرپور شرکت کو فروغ ملے گا۔ سماجی آگاہی پھیلانا اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔ان اقدامات پر پاکستان کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔ میڈیا بریفنگ کے دوران جان کربی نے مزید کہا کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت بات چیت کریں۔ سرجیکل اسٹرائیک ہوا ہے یا نہیں اس بارے میں بھارتی حکام ہی بتا سکتے ہیں۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔