خبرنامہ انٹرنیشنل

مسلمان امریکی ووٹروں کی بڑی تعدادکی طرف سے ہلیری کلنٹن کی حمایت

واشنگٹن۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) امریکا میں رجسٹرڈ مسلمان ووٹروں میں سے 86 فی صد کا کہنا ہے کہ وہ8 نومبر کے صدارتی انتخاب میں ووٹ ڈالیں گے۔امریکی میڈیا کے مطابق کونسل آن امریکن اسلامک رلیشنز (سی اے آئی آر) نے ملک بھر میں ہونے والی جائزہ رپورٹ کے نتائج جاری کیے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ 72 فی صد امریکی مسلمان ووٹر ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کو، جب کہ ری پبلیکن پارٹی کے مدِ مقابل امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو4 فی صد ووٹ دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔تین فی صد گرین پارٹی کی امیدوار جِل سٹائن اور2 فی صد لبرٹیرین پارٹی کے امیدوار گیری جانسن کو ووٹ دیں گے۔سروے سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ 85 فی صد مسلمانوں کا خیال ہے کہ گذشتہ سال کے دوران امریکا میں اسلام کے خلاف تعصب اور مسلمانوں کے خلاف جذبات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ادارے کے انتظامی سربراہ نہاد اود نے کہا ہے کہ اس کا سبب ٹرمپ، ری پبلیکن پارٹی کے سابق امیدوار بین کارسن اور ٹیڈ کروز جیسے سیاست دان اوراْن کے اردگرد رہنے والے سخت گیر ہیں، جنھوں نے اسلامو فوبیاکو بڑھنے دیا ہے۔انہوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہوائی اڈے جیسے عوامی مقامات پر امتیازی سلوک سے متعلق رپورٹوں کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ مسلمانوں کے خلاف تعصب رکھنے والوں کی طرف سے مساجد پر شرارت کی گئی، اور مسلمانوں سے نفرت کی بنا پر قتل کی وارداتیں تک ہوئیں۔