خبرنامہ انٹرنیشنل

مصر ،کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 52 ہوگئی

قاہرہ (ملت+ آئی این پی )مصر کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 52 ہو گئی ۔ مرنے والوں کے لواحقین اور حادثے میں بچ جانے والوں نے حکام پر غفلت کا الزام لگایا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر کے ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 52 ہو گئی ہے ۔ مصری بحریہ اور مقامی مچھیرے بحیرہ روم میں لاپتہ افراد کی تلاش کا کام کر رہے ہیں ، حکام کے مطابق ایک سو انہتر افراد کو بچا لیا گیا ہے ۔ حادثے میں بچ جانے والے ایک شخص کا کہنا ہے انسانی سمگلروں نے انہیں بتایا کہ کشتی میں دو سو افراد سوار ہوں گے ، لیکن پھر انہوں نے پچاس کے قریب مزید افراد کشتی میں سوار کرا دیئے ۔ دوسری جانب پولیس نے عملے کے ان چار ارکان کو گرفتار کر لیا ہے جو حادثے میں بچ گئے تھے ۔