خبرنامہ انٹرنیشنل

ملک میں روزگارکے ایک کروڑ مواقع پیدا کئے گئے ہیں: چینی وزیر اعظم

مکاؤ (آئی این پی ) چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے کہا ہے کہ چین کی معیشت اس سال توقع سے زیادہ ترقی کررہی ہے ، ملکی کھپت اور خدمات کی صنعت سے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہورہے ہیں جس سے اقتصادی پیداوار میں بھی اضافہ ہورہا ہے ، مجموعی طورپر اس سال جب کہ تیسری سہ ماہی میں خاص طورپر معاشی حالت بہتر ہوئی ہے اور اس سے معاشی صورتحال میں مثبت تبدیلیاں پیدا ہوئی ہیں ، اس سے چین ترقی کی درمیانی رفتار سے تیز رفتار ترقی کی جانب بڑھنے کے قابل ہو گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار چینی وزیر اعظم نے چین پرتگالی ممالک کی تعاون کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی کھپت اور سروس سیکٹر میں معاشی پیداوار کے اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور بعض ایسے شعبے جو اس سے پہلے کمزور تھے اب وہ مثبت اشارے دے رہے ہیں ، صنعتی پیداوار کارپوریٹ منافع ، سرمایہ کاری ، خاص طورپر نجی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہورہا ہے ، رواں سال کے پہلے نو مہینے میں چین کے قصبوں اور شہروں میں روزگار کے ایک کروڑ مواقع پیداہوئے ہیں ، ستمبر میں چین کے اکتیس شہروں میں کئے گئے ایک سروے کے مطابق وہاں بیروزگاری کی سطح پانچ فیصد سے بھی کم ہو گئی ہے اور ایسا حالیہ برسوں میں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران معاشی کساد بازاری کے باوجود چین میں ایک کروڑ تیس لاکھ سالانہ کے حساب سے روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں اوررواں سال کی پہلی ششماہی میں قومی پیداوار میں 6.7فیصد کی رفتار برقراررہی جبکہ حکومت نے 2016ء کیلئے 6.5سے 6.7تک کا ہدف مقرر کررکھا ہے۔