خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی کا کشمیر کاز کیلئے اپنی مضبوط اور روایتی حمایت کا اعادہ

اسلام آباد ۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) ترکی نے کشمیر کاز کیلئے اپنی مضبوط اور روایتی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلہ کشمیر کا حل نہ ہونا تشویش ناک ہے اور اس سے خطے میں امن و استحکام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ منگل کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ترکی کے دورے پر گئے ہوئے مسئلہ کشمیر سے متعلق وزیراعظم کے خصوصی نمائندوں محمد پرویز ملک اور محسن شاہنواز رانجھا نے ترکی کی پارلیمانی قیادت، میڈیا، سول سوسائٹی اور تھینک ٹینکس سے ملاقاتیں کیں اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وہاں پر ہونے والے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ خصوصی نمائندوں نے ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی(ٹی جی این اے) کے سپیکر سے بھی ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت سے مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی نئی لہر اٹھی جسے بھارتی فوج دبانے کیلئے نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کشمیری عوام کی مدد اور سپورٹ پر ترکی کے اصولی موقف پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ٹی جی این اے کے سپیکر نے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق بریفنتگ پر پاکستانی وفد کا شکریہ ادا کیاانہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء کے خطے میں دیر پا امن اور استحکام قائم نہیں کیا جاسکتا۔ خصوصی نمائندوں نے انہیں بتایا کہ گزشتہ 3ماہ کے دوران بھارتی فوج نے110کشمیریوں کو شہید،12ہزار کو زحمی جبکہ 700افراد کو بینائی سے محروم کر دیا ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی اخلاقی ذمہ داریاں پورے کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا بنیادی حق دلوانے میں کر دار ادا کرے۔