خبرنامہ انٹرنیشنل

ٹرمپ کو ووٹ نہ دیں، 370 ماہرین معاشیات کی اپیل

واشنگٹن (ملت + اے پی پی) امریکی ماہرین معاشیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ نہ دیں۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق 370 معاشی امور کے ماہرین نے امریکی عوام کے نام ایک خط میں لکھا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے علم معاشیات کے بنیادی اصولوں کو نظر انداز کیا ہے لہذا انہیں ووٹ دینے سے گریز کیا جائے۔ اس خط میں کہا گیا ہے کہ ری پبلکن پارٹی کے امیدوار نے پیداوار، تجارت، افرادی قوت اور امیگریشن کے معاملات میں امریکی عوام کو فریب دینے کی کوشش کی ہے اور جو اعداد و شمار پیش کر رہے ہیں معاشی امور کے ماہرین کے بقول وہ بالکل غلط ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی عوام کے نام خط لکھنے والوں میں نوبل انعام جیتنے والے ماہرین معاشیات اور متعدد یونیورسٹی پروفیسر بھی شامل ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اقتصادی امور کے ماہرین، ہلیری کلنٹن کی معاشی پالیسیوں کے بھی حامی نظر نہیں آتے۔ ستمبر 2016 کو معاشی امور کے 3 سو ماہرین نے ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کی معاشی پالیسیوں کو غلط اور نقصان دہ قرار دیا تھا۔