خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنا ہوں گے، امریکہ

واشنگٹن (ملت + آئی این پی) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کومذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنا ہوں گے، دونوں ممالک میں اچھے تعلقات خطے میں بہتری لائیں گے۔ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے جان کربی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو آپس میں مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کرنا ہوں گے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات خطے میں بہتری لائیں گے اور بہتر تعلقات مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دے چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب بھی دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں اور ان دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کو مزید کارروائی کرنا ہو گی۔ جان کربی نے بریفنگ میں مزید کہا کہ گوانتاناموبے میں قید 5 قیدیوں میں سے 3 پاکستانی قیدیوں کو 6 ماہ کے بعد ریویو بورڈ کے سامنے پیش ہونے کا موقع دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا گوانتاناموبے جیل کو بند کرنے کے فیصلے پر قائم ہے لیکن امریکی سیکورٹی ہمارے لیے پہلی ترجیح ہے۔