خبرنامہ انٹرنیشنل

پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوراک کا عالمی دن بھر پور طریقے سے منایاگیا

فیصل آباد۔16 اکتوبر(ملت + اے پی پی ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں خوراک کا عالمی دن (ورلڈ فوڈ ڈے )اتوار کو بھر پور طریقے سے منایا گیا، اس موقع پر اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں ، وفاقی وزارت خوراک و زراعت حکومت پاکستان ، محکمہ خوراک پنجاب اور بعض دیگر سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے صوبائی دارالحکومت سمیت تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز اور ضلعی سطح پر خصوصی تقریبات، سیمینارز، کانفرنسز کا اہتما م کیا گیا جس کا مقصد خوراک کی اہمیت و افادیت ، غذائی خود کفالت کیلئے اقدامات ، خوراک کی ضروریات کے مطابق اس کی پیداوار میں اضافہ ، غذائی قلت سے پیدا ہونے والے مسائل سمیت اہم امور زیر غور لا کر ان کیلئے قابل عمل سفارشات مرتب کرنا تھا ۔ یاد رہے کہ دنیا بھرمیں اس وقت ایک ارب سے زائد افراد بھوک کا شکار ہیں جبکہ بنگلہ دیش ، بھارت ، چین ، انڈونیشیا ، کانگو، ایتھوپیا کے ساتھ ساتھ پاکستا ن بھی ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جہاں مذکورہ افراد بڑی تعداد میں غذائی قلت کا شکار ہیں۔ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منائے جانے والے خوراک کے عالمی دن کا مقصد دنیا بھرمیں عوامی شعور کو اجاگر کرنے سمیت عالمی سطح پر خوراک کے حصو ل میں درپیش مشکلات ، بھوک ، افلاس، خوراک کی ناکافی دستیابی کے بارے میں رائے عامہ ہموار کرنا ہے۔زرعی ماہرین نے اے پی پی کو بتایاکہ فی الحال پاکستان میں غذائی قلت کا کوئی خطرہ نہیں تاہم ہر سال سیلاب کے باعث ہونے والی تباہی سے بعض مشکلات درپیش آ رہی ہیں جن کے تدارک کیلئے بھر پور اقدامات جاری ہیں۔دریں اثناء اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرا م کے ذرائع نے بتایاکہ تازہ ترین سروے رپورٹس کے مطابق دنیا میں اس وقت ہر 6میں سے ایک شخص بھوک کا شکار ہے اس طرح بھوک کے شکار افراد کی تعداد ایک ارب سے بھی زائد ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ یہ دن 16اکتوبر 1981ء سے ہر سال فوڈ انجینئر ڈے کے طور پر بھی منایا جا رہا ہے جس سے ہر سال بھوک کا شکار افراد کی تعداد میں سالانہ 10لاکھ کی کمی ہو رہی ہے۔اس موقع پر الیکٹرانک میڈیانے خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا نے بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا۔