خبرنامہ انٹرنیشنل

چینی وزیر اعظم اور قازقستان کے صدر میں ملاقات

آستانہ (آئی این پی) چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے گذشتہ روز یہاں قازقستان کے صدر نور سلطان نظر بائیوف سے ملاقات کی ،چینی وزیر اعظم آج کل یورپی ممالک کے دورے پر ہیں ، چینی وزیر اعظم نے صدر نظر بائیوف کو چین کے صدر شی جن پنگ کا خیر سگالی کاپیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ دونوں سربراہان کے درمیان جو امور متفقہ طورپر طے ہوئے ہیں ان پر تیزی سے عملدرآمد کیا جائے ۔چینی صدر نے مزید کہا کہ چین اور قازقستان معاشی میدان میں بھرپور تعاون کررہے ہیں تا ہم چین اس تعاون کو توانائی ، زرعی پیداوار اور عوامی تبادلوں تک توسیع دینا چاہتا ہے ، انہوں نے دونوں ملکوں کو شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک میں تعاون کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا تا کہ علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے ۔اس موقع پر قازقستان کے صدر نظر بائیوف نے کہا کہ قازقستان چین کے ساتھ توانائی ، زراعت ، ٹیکنالوجی ، ایجادات اور تجارت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے منشور کے مطابق تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے ، چین اور قازقستان اچھے ہمسائے ہیں اور ان کے درمیان دوستانہ تعاون موجود ہے ، قازقستان تعلقات کو مزید فروغ دینے اور اپنی پیداواری استعداد میں اضافہ کیلئے چین کے ساتھ تعاون کرنا چاہتا ہے ۔