خبرنامہ انٹرنیشنل

چینی پارلیمنٹ نے سائبر کرائم کیخلاف قانون منظور کر لیا

بیجنگ (ملت + آئی این پی) چینی پارلیمنٹ نے گذشتہ روز سائبر سپیس قومی سلامتی اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے سائبر سکیورٹی قانون کی منظوری دیدی ہے ۔قانون کے مطابق حکومت سائبر سکیورٹی کو درپیش خطرات کیخلاف دفاع ، کارروائی اور نگرانی کیلئے اقدامات کرے گی خواہ یہ ملک کے اندر ہوں یا ملک سے باہر۔قانون کے مطابق حکومت سائبرحملوں ، مداخلت اور نقصانات سے بچنے کیلئے بنیادی اطلاعاتی ڈھانچہ بھی تشکیل دے گی ، حکومت آن لائن مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو سزا دینے کی کوشش کرے گی اور سائبر سپیس سکیورٹی کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے بھی کام کرے گی ، انفرادی اور تنظیمی طورپر انٹر نیٹ استعمال کرنیوالوں کو قومی سلامتی ، عزت اور مفادات کو خطرے میں ڈالنے یا نقصان پہنچانے کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی ۔قانون میں کہا گیا ہے کہ آن لائن سرگرمیوں کے دوران سوشلسٹ نظام کو ختم کرنے کی کسی کوشش کو بھی قبول نہیں کیا جائے گا نہ ہی قوم کو تقسیم کرنے ، قومی اتحاد کو کمزور کرنے ، دہشتگردی اور انتہا پسندی کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی ، انٹرنیٹ سرگرمیوں میں نسلی گروپوں کے درمیان نفرت پھیلانے ، جنسی امتیاز پیدا کرنے ، تشدد پھیلانے اور غلط اطلاعات فراہم کرنے پر بھی پابندی ہو گی ، یہ قانون نیشنل پیپلز کانگرس کی سٹینڈنگ کمیٹی کی مجلس قائمہ کے دو ماہی اجلاس میں منظور کیا گیا جو گذشتہ روز قانون کی تیسری خواندگی کے بعد یہاں ختم ہو گیا ہے ۔