خبرنامہ انٹرنیشنل

چین: پراپرٹی قیمتوں کی نگرانی کیلئے مہم شروع

بیجنگ (ملت + آئی این پی) چینی حکومت نے ملک بھر میں پراپرٹی کی قیمتوں پر نگرانی کیلئے مہم کا آغاز کر دیا ہے ، یہ مہم ایک ماہ تک جاری رہے گی ،مہم کے دوران قیمتوں پر نظر رکھنے والے ادارے کے اہلکار ایجنٹوں اور ڈویلپرز کی کڑی نگرانی کریں گے تا کہ گھروں کی حقیقی قیمتیں سامنے آئیں ، اس سلسلے میں متعلقہ ایجنٹوں اور ڈویلپریز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خریدوفروخت کرتے وقت حقیقی قیمتیں دفاتر میں آویزاں کریں اور کسی قسم کے اخراجات مخفی نہ رکھے جائیں ، یہ ہدایت نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن اور وزارت ہاؤسنگ و شہری و دیہی ترقی نے اپنے مشترکہ بیان میں جاری کی ہیں ، ڈویلپرز اور ایجنٹس کو کہا گیا ہے کہ وہ فروخت نہ ہونیوالے گھروں کی تعداد واضح کریں ، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ، نگرانی کا کام کل سے شروع کر دیا جائے گا ، مرکزی حکام کی طرف سے پراپرٹی کے کاروبار میں بے قاعدگیاں سامنے آنے کے بعد یہ تازہ ترین مہم شروع کی گئی ہے ، بڑے شہروں کی ہاؤسنگ مارکیٹ میں کساد بازاری دیکھنے میں آرہی تھی جس کی وجہ سے حکومت نے اس سلسلے میں اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔