خبرنامہ انٹرنیشنل

گڈ بائے اب کل ملیں گے،ہیلری کی انتخابی مہم کے سربراہ نے شکست تسلیم کرلی

واشنگٹن(ملت + آئی این پی) امریکہ میں صدارتی انتخابات کے لئے ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم کے سربراہ جان پوڈسٹا نے شکست تسلیم کرلی تاہم ہیلری کلنٹن نے خطاب نہ کرنے کا اعلان کرکے پہلے سے افسردہ اپنے حامیوں کی مایوسی میں مزید اضافہ کردیا۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے ہیڈ کوارٹرز میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے جان پوڈسٹا کا کہنا تھا کہ یہ ایک لمبی رات اور لمبی مہم تھی، اب سب سپورٹرز کو اپنے گھر چلے جانا چاہیے۔ شکست کے باوجود جان پوڈسٹا کے چہرے پر مسکراہٹ عیاں تھی اور انہوں نے امریکہ کے لئے ایک اچھی صبح کے آغاز کی توقع بھی ظاہر کی۔ جان پوڈسٹا نے اپنے حامیوں کو گھروں میں جانے کا کہتے ہوئے کہا کہ گڈ بائے،اب کل ملیں گے۔ جان پوڈسٹا کے خطاب کے ساتھ ہی ہیلری کلنٹن کے حامی افسردہ چہروں کے ساتھ اپنے گھروں کو جانے لگے۔دوسری جانب انتخابی نتائج کے بعد نظر نہ آنے والی ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن نے فاتح امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کرکے کامیابی پر مبارکباد بھی دی تاہم ان کی جانب سے خطاب نہ کرنے کے اعلان پر ان کے حامیوں کی مایوسی مزید بڑھ گئی۔