خبرنامہ انٹرنیشنل

ہلیری کو بے قصور قرار دیے جانے پر ٹرمپ کی ایف بی آئی پر تنقید

نیویارک (ملت + آئی این پی) امریکہ میں رپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی پر غیر مناسب رویے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آئی کے لیے اتنی قلیل مدت میں ساڑھے چھ لاکھ ای میلز کی جانچ ناممکن ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیٹرائٹ کے نیم شہری علاقے میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے اس بات پر زور دیا کہ ایف بی آئی کے لیے اتنی قلیل مدت میں ساڑھے چھ لاکھ ای میلز کی جانچ ناممکن ہے۔انھوں نے مشی گن کے علاقے سٹرلنگ ہائٹس میں اپنے حامیوں سے کہا کہ فی الحال انھیں(ہلیری کو) دھاندلی کے نظام کا تحفظ حاصل ہے۔ یہ پوری طرح دھاندلی والا نظام ہے۔ میں اس کے بارے میں ایک عرصے سے بات کر رہا ہوں۔انھوں نے مزید کہا کہ ‘ہلیری کلنٹن مجرم ہیں اور وہ یہ جانتی ہیں، ایف بی آئی جانتی ہے، لوگ جانتے ہیں اور اب یہ امریکی باشندوں پر منحصر ہے کہ وہ آٹھ نومبر کو بیلٹ باکس کے ذریعے انصاف کریں۔ایف بی آئی کا کہنا ہے کہ ہلیری کلنٹن کی نئی ای میلز کی تحقیقات میں ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جن سے یہ ثابت ہو کہ انھوں نے بحیثیت وزیرِ خارجہ قانون کی خلاف ورزی کی تھی۔خیال رہے کہ ایف بی آئی نے جولائی میں کہا تھا کہ ہلیری کلنٹن نے خفیہ معلومات کے معاملے میں لاپرواہی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن ادارہ ان کے خلاف مقدمہ چلانے کی سفارش نہیں کرے گا۔تاہم دو ہفتے قبل ایک مرتبہ پھر جب ہلیری کی نئی ای میلز کی تحقیقات کا عندیہ دیا گیا تو ڈیموکریٹ امیدوار کی انتخابی مہم نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی پر دوہرا معیار رکھنے کا الزام لگایا تھا۔ہلیری کلنٹن کا موقف رہا ہے کہ انھوں نے حساس معلومات کے لیے ذاتی ای میلز استعمال نہیں کیں۔