خبرنامہ انٹرنیشنل

ہیلری بمقابلہ ٹرمپ، حتمی فیصلہ4 اہم ریاستوں میں ہوگا

نیویارک(ملت + آئی این پی) امریکی صدارتی امیدواروں ہیلری کلنٹن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان مقابلہ انتہائی سخت ہوگیا ، تازہ رائے شماریوں کے مطابق حتمی فیصلہ چار اہم ترین ریاستوں ایریزونا، فلوریڈا، نیواڈا اور پینسلوینیا میں ہو گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق تاریخی طور پر ڈیموکریٹ ریاست پینسلوینیا میں ہیلری کلنٹن کو چار پوائنٹس کی برتری حاصل ہے جبکہ روایتی طور پر ری پبلیکن ریاست ایریزونا میں ٹرمپ پانچ پوائنٹس آگے ہیں۔ماضی کی طرح فلوریڈا میں اس مرتبہ بھی امیدواروں کے درمیان مارجن بہت ہی کم ہے لیکن ہلیری کلنٹن کی جانب جھکاو میں ہلکا اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔فلوریڈا میں ہلیری کلنٹن کو 39 فیصد اور ٹرمپ کو 47 فیصد رائے دہندگان کی حمایت حاصل ہے اور یہ پلڑا آخری وقت تک کسی بھی جانب جھک سکتا ہے۔تازہ رائے شماری سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیواڈا میں بھی ہوا کا رخ تبدیل ہوا ہے۔39 فیصد کے ساتھ ٹرمپ آگے ہیں، ہلیری کلنٹن کی حمایت واضع کمی کے ساتھ 43 فیصد ہے۔ ان چاروں بیٹل گراونڈ ریاستوں میں خواتین کی اکثریت ہلیری کے ساتھ اور مردوں کی اکثریت ٹرمپ کی حامی ہے۔اسی طرح غیر سفید فام آبادی کی واضع اکثریت ہلیری کلنٹن کے ساتھ کھڑی ہے اور سفید فام ٹرمپ کے حامی ہیں۔اہم ملکی اشوز پر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان چاروں ریاستوں میں اپنے معاشی ایجنڈے کے باعث برتری حاصل ہے جبکہ ہلیری کلنٹن کی خارجہ پالیسی کو زیادہ پذیرائی مل رہی ہے۔ امیگریشن اور دہشت گردی جیسے معاملات میں دونوں کا پلڑا تقریبا برابر ہے۔