خبرنامہ انٹرنیشنل

یورپی ممالک شامی مہاجرین کیلئےدرکارمالی مدد فراہم نہیں کررہے، اردوان

انقرہ: (اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ یورپی ممالک ترکی میں موجود ڈھائی ملین سے زائد شامی مہاجرین کے حوالے سے درکار مالی مدد فراہم نہیں کر رہے ہیں۔ جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق ترک صدر نے کہا کہ اب تک ترکی اس مد میں 25 ارب ڈالر خرچ کر چکا ہے جبکہ اسے بین الاقوامی برادری کی جانب سے صرف 525 ملین ڈالر ہی ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپ نے اس حوالے سے اپنے وعدے وفا نہیں کیے اور اب تک ترکی کی اس مد میں کوئی مدد نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ممالک ایک طرف شامی مہاجرین کو اپنے لیے براہ راست خطرہ قرار دیتے ہیں اور دوسری جانب ان کے اقدامات ان کے خوف سے مطابقت نہیں رکھتے۔ واضح رہے کہ یورپ نے ترکی کو اس حوالے سے تین ارب یورو مہیا کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب تک اس مد میں 180 ملین یورو مختلف امدادی تنظیموں کے حوالے کیے گئے ہیں۔