خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر میں مزید 6 نوجوان بھارتی بربریت کی بھینٹ چڑھ گئے

مقبوضہ کشمیر، بھارتی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی بربریت جاری ہے اور قابض فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 6 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے بارہ مولا میں محاصرے کے دوران دو نوجوانوں کو شہید کیا جس کے خلاف ضلع بھر میں شدید احتجاج کیا گیا۔

کے ایم سی کی رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی افواج نے شوپیاں میں بھی چھاپوں کے دوران 9 نوجوانوں کو گرفتار کیا۔

اس کے علاوہ بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت نگر میں بھی فائرنگ کر کے 4 کشمیریوں کو شہید کیا۔

دوسری جانب مقبوضہ وادی میں گزشتہ روز بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہادت پانے والے پی ایچ ڈی اسکالر ڈاکٹر سبزار احمد صوفی اور آصف احمد گوجری کے بہیمانہ قتل کے خلاف پر آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

ہڑتال کے موقع پر مقبوضہ وادی میں تمام تعلیمی ادارے اور کاروباری مزاکر بند جب کہ سڑکیں سنسان رہیں جب کہ قابض انتظامیہ کی جانب سے ہڑتال کے موقع پر وادی میں انٹرنیٹ اور ریل سروس بند رہی۔

سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک اور حریت رہنماؤں کی جانب سے پروفیسر سبزار احمد صوفی اور آصف گوجری کو شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔