خبرنامہ کشمیر

پاکستان ہمارے لیے حرم شریف کا درجہ رکھتا ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد(آئی این پی)وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ اہل پاکستان کے شکر گزار ہیں جو کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی ریاستی دارالحکومت میں تشریف لانا کشمیریوں کے لیے حوصلہ افزا بات ہے جس پر اہل کشمیر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ یوم یکجہتی پر وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر نہایت بے باکی جرت و دلیری سے پیش کیا وزیر اعظم پاکستان کے خطاب سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے جس پر پوری کشمیری قوم کی طرف سے وزیراعظم پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ یوم یکجہتی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر سے بھارت کے غیر قانونی تسلط کے خاتمے تک مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ یوم یکجہتی کے موقع پر پاکستان کا شکریہ اد اکرتے ہیں کہ 1947سے اب تک پوری قوم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے او رمشکل کی ہر کھڑی میں اہل پاکستان نے کشمیر کا بھر پور ساتھ دیا ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے اور اس منزل کا روڈ میپ ہمارے آباؤ اجداد نے دے رکھا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ مستحکم اور جمہوری پاکستان اہل کشمیر کی منزل ہے ۔پاکستان ہمارے لیے حرم شریف کا درجہ رکھتا ہے ۔ پاکستان کے استحکام ، بقاء سلامتی کیلئے اہل کشمیر کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ پاکستان کے استحکام ، دہشت گردی کے خاتمے اور 20ہزار فٹ کی برف چوٹیوں پر پہرہ دیتے ہوئے اہل کشمیر کی عزت و ناموس کی حفاظت کرنے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر یہاں یوم یکجہتی کے موقع پر آزاد کشمیر اسمبلی و کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیراعظم پاکستان نے خصوصی طورپر جائنٹ سیشن سے خطاب کیا ۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر راجہ فاروق حیدر نے بھی خطاب کیا ۔ سپیکر اسمبلی سردار غلام صادق نے اجلاس کی صدارت کی ۔ صدرآزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان ،ممبر اسمبلی و کونسل اور پاکستان سے آئے ہوئے وفاقی وزراء نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیرنے جائنٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کسی تعارف کا محتاج نہیں تقسیم ہند کے لیے طے ہونے والے فارمولے پر ریاست جموں وکشمیر میں عملدرآمد نہ ہوا جس کا نتیجے میں مسئلہ کشمیر نے جنم لیا اورآج تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکا ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نے انٹرنیشنل کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ ریاست جموں وکشمیر کی عوام کوبھارت کے غاصبانہ تسلط سے نجات دلانے میں اپنا کر دار اد اکریں ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کے غیور عوام نے بھارت کے غاصبانہ قبضہ کو مسترد کر رکھا ہے اور اس غاصبانہ تسلط کے خاتمہ کی جدوجہد میں اہل کشمیر نے اپنی عزت و عصمت کی قربانی سات لاکھ کشمیریوں نے اپنا لہو پیش کیا ۔جس پر کشمیری شہیدا ء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تکمیل پاکستان ہے آج مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوں میں کشمیری عوام بھارتی سنگینوں تلے پاکستانی پرچم لہرا رہے ہیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کر رہے ہیں ۔