خبرنامہ

وفاقی محتسب کی ہدایت پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے سکائپ سروس کا آغاز کردیا گیا

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی کی ہدایت پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالہ کیلئے سکائپ سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔ وفاقی محتسب کے سینئر ایڈوائزر اور بیرون ملک پاکستانیوں کے شکایات کمشنر حافظ احسان احمد کھوکھر نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی سرکاری ادارے کی طرف سے سکائپ پر گزشتہ روز شکایات کی سماعت کی اور نیو یارک میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی محمد حنیف چنن کو ہدایات دیں ۔وفاقی محتسب نے سعودی عرب‘ متحدہ عرب امارات‘ بحرین‘ کویت‘ عمان‘ ملائیشیاء‘ برطانیہ‘ ناروے‘ جنوبی کوریا‘ اٹلی‘ سپین یونان‘ عراق اور امریکہ سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات سکائپ پر سننے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ اب اسی لاکھ سے زائد بیرون ملک پاکستانی وفاقی محتسب سے بیرون ملک بیٹھے براہ راست اپنے مسائل بیان کر سکیں گے۔ وفاقی محتسب محمد سلمان فاروقی نے حافظ احسان احمد کھو کھر کو ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے انتظامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بیرون ملک پاکستانیوں کا اہم کردار ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے شکایات کمشنر نے بتایا کہ گزشتہ تین سال میں چالیس ہزار سے زائد پاکستانیوں کی شکایات پر فیصلے کر چکے ہیں ۔اب سکائپ سروس کے آغاز سے فیصلوں میں مزید تیزی آ جائے گی۔