خبرنامہ پاکستان

آزادی سے کم کسی چیز پرسمجھوتہ نہیں کرینگے: وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفر آباد (آئی این پی) آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کیخلاف آزاد کشمیر میں یوم مذمت منا رہے ہیں‘ بھارتی وزیراعظم غیر ذمہ دارانہ بیانات سے خطے کو جنگ میں دھکیل رہے ہیں ان جھوٹے بیانات پر خطے میں جنگ کا درجہ حرارت بڑھا سکتے ہیں‘ آزادی سے کم کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ پیر کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بلوچستان‘ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے متعلق بیان کیخلاف آزاد کشمیر میں یوم مذمت منایا اور بھارتی وزیراعظم کے بیان کے خلاف احاطہ کچہری سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں وکلاء ‘ صحافی اور سکولوں کے بچوں سمیت سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے بھارتی وزیراعظم کیخلاف نعرے بازی کی اور گو انڈیا گو بیک کے نعرے بھی لگائے۔ ریلی کے شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارتی ظالم قابض افواج نے گزشتہ پچاس دنوں سے معصوم کشمیریوں کا قتل عام شروع کررکھا ہے اس پر عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے بیان کے خلاف آزاد کشمیر میں یوم مذمت منا رہے ہیں آزادی سے کم کسی چیز پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت تحریک آزادی کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ بھارتی وزیراعظم غیر ذمہ دارانہ بیانات سے خطے کو جنگ میں دھکیل رہے ہیں۔ جھوٹے بیانات پر خطے میں جنگ کا درجہ حرارت بڑھا سکتے ہیں۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر‘ گلگت بلتستان کے لوگ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ (ن غ)