خبرنامہ پاکستان

آزاد کشمیر کے 26 ویں صدر کے انتخاب کے لئے پولنگ

مظفر آباد:(آئی این پی) آزاد کشمیر کے نئے صدر کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے تاہم انتخابات میں عددی اعتبار سے مسلم لیگ (ن) کے مسعود خان کی کامیابی یقینی سمجھی جارہی ہے۔ آزاد کشمیر میں 26 ویں صدر کے انتخاب کے لئے پولنگ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں جاری ہے۔ انتخابات میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سابق سفارت کار مسعود خان اور پیپلزپارٹی نے سابق وزیر خزانہ اور پارٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری لطیف اکبر مدمقابل ہیں جب کہ مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف نے صدارتی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے۔ پولنگ کا عمل دوپہر 3 بجے تک جاری رہے گا۔ آزاد کشمیر میں صدر کا چناؤ قانون ساز اسمبلی کے 49 اور جموں و کشمیر کونسل کے 6 ارکان کو ملا کر 55 اراکین پر مشتمل الیکٹرول کالج کرتا ہے تاہم اپوزیشن کی دو جماعتوں مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف نے صدارتی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ جموں و کشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم خان نے ابھی تک اسمبلی رکنیت کا حلف ہی نہیں اٹھایا اس لئے وہ اپنا ووٹ استعمال نہیں کر سکیں گے۔