خبرنامہ پاکستان

استحکام پاکستان کیلئےقومی تشخص اجاگرکرنا ضروری ہے، احسن اقبال

نارووال:(آئی این پی) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا کہ استحکام پاکستان کیلئے قومی تشخص اجاگر کرنا ضروری ہے، دہشت گرداسلام و پاکستان کو دنیا میں بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اسلام دین امن اور پاکستان پر امن قوم کا وطن ہے،ہمیں جشن آزادی کے موقعہ پر ملی یکجہتی کا مظاہرہ کر کے دشمنان ملک و ملت کو ناکام بنا دینا چاہئے، علاقائی ،لسانی ،برادری اور فرقہ کی پہچان کو چھوڑ کر مسلمان اور پاکستانی کا تعارف کرانا ہو گا ۔وہ پبلک لائبریری ہال نارووال میں تحریک اویسیہ پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ تحفظ حرم نبوی و استحکام پاکستان سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دین امن اور پاکستان پر امن قوم کا وطن عزیز ہے ۔ہمیں جشن آزادی کے موقعہ پر ملی یکجہتی کا مظاہرہ کر کے دشمنان ملک و ملت کو ناکام بنا دینا چاہئے۔ علاقائی ،لسانی ،برادری اور فرقہ کی پہچان کو چھوڑ کر مسلمان اور پاکستانی کا تعارف کرانا ہو گا ۔ مرکزی امیر تحریک اویسیہ پاکستان پیر غلام رسول اویسی نے کہاحرمین شریفین کا تحفظ و دفاع ہمارا ایمانی تقاضا ہے ۔ان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ نکال باہر پھینکے گے پیر سید منور حسین شاہ جماعتی سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت امیر ملت علی پور سیداں شریف نے کہا کہ پیر سید جماعت علی شاہ محدث علی پوری رحمۃ اللہ علیہ تحریک پاکستان کے عظیم مجاہد تھے ۔ آپ نے پاکستان کی آزادی کیلئے لاکھوں مریدین سمیت قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کا ساتھ دیا اور اسلای جمہوریہ پاکستان کے حصول کو ممکن بنایا ۔ آج ہم استحکام پاکستان کیلئے اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ مرکزی ناظم اعلیٰ تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی،پیر محمد وقاص منور ، علامہ پیر توصیف النبی نے بھی خطاب کیا ۔اس موقعہ پر خواجہ محمد وسیم بٹ ایم پی اے ، پیر سید اظہر الحسن شاہ گیلانی آستانہ عالیہ کلی شریف، ملک طارق اعوان ، محمد مزمل حفیظ بابر صدر مرکزی انجمن شہریاں نارووال، ملک عبد الرؤف صدر ڈسٹرکٹ پریس کلب نارووال، نائب صدر شبیر باجوہ ، وائس چیئر مین عثمان مغل ، عابد محمود بٹ صدر حافظ عبدالرحمن ٹرسٹ، ڈاکٹر عبد الحق انصاری جنرل سیکرٹری مرکزی انجمن شہریاں نارووال، خواجہ عبد الوحید بٹ مرکزی انجمن شہریاں اور دیگر شریک تھے۔