خبرنامہ پاکستان

اسلام آباد: افغان باشندوں سمیت 115 افراد گرفتار

اسلام آباد: (اے پی پی) وفاقی پولیس نے رینجرز کے ساتھ مل کر اسلام آباد میں سرچ آپریشن کیا ہے جس میں افغان باشندوں سمیت ایک سو پندرہ مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ اسلام آباد پولیس نے تھانہ رمنا کے علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جس میں رینجرز اہلکاروں نے بھی حصہ لیا ۔ سرچ آپریشن کے دوران میرہ آبادی اور ملحقہ علاقوں میں گھروں، ہوٹلوں کی چیکنگ کی گئی ۔ پولیس نے ایک سو پندرہ مشکوک افراد کو حراست میں لیا جن میں تیرہ افغان باشندے بھی شامل ہیں ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے پاس شناختی دستاویزات موجود نہیں تھیں ، تمام افراد کو مزید تفتیش کیلئے تھانے منتقل کر دیا گیا ہے ۔ دوسری طرف لاہور میں بھی سرچ آپریشن کے دوران شناختی دستاویزات کی عدم دستیابی پر 30 افراد کو حراست میں لے لیا اور ان کیخلاف تحقیقات شروع کر دیں۔