خبرنامہ پاکستان

اسمبلیوں کی مدت پوری ہوتے نہیں دیکھ رہا، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

اسمبلیوں کی مدت پوری ہوتے نہیں دیکھ رہا، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) ایوان بالا میں ڈپٹی چیرمین سینیٹ مولانا غفور حیدری نے کہا ہے کہ وہ اسمبلیوں کی مدت پوری ہوتے نہیں دیکھ رہے۔ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ مولانا غفور حیدری کا کہنا ہے کہ اس وقت مسلم لیگ(ن) کی صورتحال ’’گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے‘‘ جیسی ہے، جبکہ مولانا فضل الرحمان نے واضح الفاظ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے کہا ہے کہ پہلے اپنا گھر درست کریں پھر ہمارے پاس آئیں۔ مولانا غفور حیدری کا کہنا تھا کہ عمران خان، آصف زرداری اور طاہرالقادری تینوں مل کر حکومت کو مارچ سے قبل گرانا چاہتے ہیں لیکن بطور آئینی ادارے کے ذمہ دار کے آئینی مدت پوری ہونے کا خواہاں ہوں تاہم اسمبلیوں کی مدت پوری ہوتے نہیں دیکھ رہا۔ مولانا غفور حیدری نے کہا کہ بلوچستان میں تبدیلی کے پیچھے کچھ نادیدہ قوتوں کا ہاتھ ہے، اس حوالے سے مزید کچھ نہیں کہہ سکتا تاہم اتنا یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جے یو آئی کا نادیدہ قوتوں سے کوئی رابطہ نہیں، صوبے میں تبدیلی مسلم لیگ (ن) اور (ق) کا ایک دھڑا مل کر لارہا ہے اگر بلوچستان میں تبدیلی آگئی تو سینیٹ الیکشن ہونے نظر نہیں آرہے اور یہ تبدیلی سینیٹ الیکشن روکنے کے لئے سندھ اور خیبرپختون خوا کی طرف بھی بڑھ سکتی ہے۔