خبرنامہ پاکستان

اسٹرٹیجک پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،وزیراعظم

کراچی:(اے پی پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ جمہوری اور معاشی طورپر مضبوط پاکستان ہمارا ویژن ہے، اسٹرٹیجک پالیسی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ کراچی شپ یارڈ میں ترکی کی شپ بلڈنگ فرم کے تعاون سے بنائے جانے والے 17 ہزار ٹن فلیٹ ٹینکر کی مقررہ وقت سے دو ماہ قبل تکمیل پر کراچی شپ یارڈ، پاک بحریہ اور دفاعی پیدوار کی وزارت کو مبارک باد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ ترکی سے ہمارے معاشرتی ، سماجی اور تہذیبی تعلقات ہیں ۔ دفاع کے شعبے میں دونوں ملکو ں کے تعاون کو مزید بڑھائیں گے ۔پاکستان اور ترکی دیرینہ دوست ہیں، پاک بحریہ کا فلیٹ ٹینکر ہمیشہ پاک ترک دوستی کی علامت کے طور پر یاد رکھا جائے گا، حکومت تمام تکینکی شعبوں میں خود انحصاری کی پالیسی میں معاونت جاری رکھے گی، گوادر کو مرکز بنا کر علاقائی تجارت اور ٹرانس شپمنٹ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فوائد کا حصول موجودہ حکومت کا عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں کراچی شپ یارڈ میں ترک شپ بلڈنگ فرم کے تعاون سے بنائے جانے والے 17 ہزار ٹن فلیٹ ٹینکرکی لا نچنگ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فلیٹ ٹینکر جمعہ کو کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینرئنگ ورکس میں ہونے والے ایک پروقار تقریب میں لانچ کردیا گیا۔ تقریب میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان، وزیراعلی سندھ سید مردا علی شاہ، وفاقی وزیر خزانہ سینٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر دفاعی پیدوار رانا تنویر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ، غیرملکی قونصل جنرلز اور سول و ملٹری حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے 17 ہزار ٹن فلیٹ ٹینکر بنانے پر کراچی شپ یارڈ اور ترکی کی شپ بلڈنگ فرم کومبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دفاعی پیدوار کے شعبے میں بالعموم اور جنگی جہازوں کی تیاری میں بالخصوص پاک ترک باہمی اشتراک میں اضافے کے امکانات پیداہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ پراجیکٹ دفاعی پیدوار میں خودانحصاری حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا ،حکومت تمام تکینکی شعبوں میں خود انحصاری کی پالیسی میں معاونت جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گوادر کو مرکز بنا کر علاقائی تجارت اور ٹرانس شپمنٹ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فوائد کا حصول حکومت کا عزم ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری سمیت ملک میں حالیہ ترقیاتی منصوبے ہمارے اس عزم میں معاون ہیں ۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے کراچی شپ یارڈ کے عملے اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا جنہوں نے اس ادارے کو منافع بخش اور کارگر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ سرکاری شعبے میں کامیابی کی ایک شاندار مثال ہے جس پر دوسرے اداروں کو بھی عمل کرنا چاہئے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ مقررہ وقت سے دوماہ قبل جہاز بنانا قوم کے لئے 70 ویں یوم آزادی پر تخفہ ہے ۔ وزیراعظم نے کراچی شپ یارڈ کے ملازمین کے لئے 100 ملین روپے کے بونس کا بھی اعلان کیا۔وزیراعظم محمد نوازشریف کے فیتہ کاٹنے کے بعد جہازکو سمندر میں اتارگیا۔ قبل ازیں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے منیجنگ ڈائریکٹر رئیرایڈ مرل سید حسن ناصر شاہ نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ یہ جہاز اب تک پاکستان میں بننے والاسب سے بڑا جنگی جہاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجنیئرنگ ورکس نے کامیابی کے ساتھ پاک بحریہ کی متعدد جنگی جہازبنائیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ نے 4 آبدوزوں بنانے کا بڑا منصوبہ کراچی شپ یارڈ کو دے کر اس کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جو کہ چین کے اشتراک سے مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ آٹھ ہزار ٹن وزنی جہاز کو اٹھانے اور ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے نظام کو نصب کرنے کا کام بھی جاری رکھے ہوئے ہے جس سے نہ صر ف جہاز سازی اور مرمت کی صلاحیت بلکہ آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ فلیٹ ٹینکر کا معاہد وزارت دفاعی پیدوار کے زیر سایہ طے پایا تھا، یہ جہاز کھلے سمندر میں تین ماہ تک بغیر کسی مدد کے آپریٹ کرسکتا ہے۔ ٹینکر انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائز یشن اور بحری آلودگی کے قواعد و ضوابط کے مطابق بنایاگیا ہے ۔ یہ جہاز سمندر میں موجود پاک بحریہ کے دیگر جہازوں کو خشک اور مائع کارگوکی ترسیل کے ذریعے لاجسٹک سپورٹ فراہم کرے گا اور یہ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے جنگی آپریشن میں معاونت کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔