خبرنامہ پاکستان

افسران کی تربیت الیکشن کمیشن میں اصلاحات کی طرف ایک احسن قدم ہے:چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد (آئی این پی) چیف الیکشن کمشنر سردارمحمد رضا نے کہا ہے کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں افسران کی تربیت کی نشاندہی کی گئی ‘ پروگرام میں چاروں صوبوں سے 28 افسران تربیت حاصل کریں گے، شفاف انتخابات کیلئے افسران اسٹریٹیجک پلان کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ پیر کو چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے الیکشن کمیشن افسران کے تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں افسران کی تربیت کی نشاندہی کی گئی اور الیکشن کمیشن کے افسران کی اہلیت اور قابلیت پر سوالات اٹھائے گئے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ افسران کی تربیت الیکشن کمیشن میں اصلاحات کی طرف ایک احسن قدم ہے ۔الیکشن کمیشن کے افسران ادارے کے تقدس کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ تربیت حاصل کرنے والے افسران قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے لئے افسران اسٹریٹیجک پلان کو عملی جامہ پہنائیں ۔تربیتی پروگرام میں چاروں صوبوں سے 28افسران تربیت حاصل کریں گے۔ تربیتی پروگرام میں چیف الیکشن کمشنر سمیت چاروں ممبران‘ سیکرٹری الیکشن کممیشن بھی شریک ہوئے۔ تربیتی پروگرام چار ہفتوں تک جاری رہے گا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری فدا محمد نے کہا کہ ملک بھر کے گریڈ 17 سے 19 کے 834 افسران تربیت حاصل کریں گے۔ ان افسران کو انتخابی عمل‘ بجٹ سمیت دیگر امور پر تربیت دی جائے گی۔ (ن غ)