خبرنامہ پاکستان

افغان مہاجرین نے پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن مسترد کردی

افغان مہاجرین نے پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن مسترد کردی

پشاور:(ملت آن لائن) افغان مہاجرین نے پاکستان چھوڑنے کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن مسترد کرتے ہوئے مزید وقت مانگ لیا۔ خیبر پختون خوا میں آباد افغان مہاجرین کے عمائدین نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومت پاکستان کی طرف سے تمام افغان باشندوں کو 31 جنوری تک پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے، عمائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے معاشی معاملات یہاں سے وابستہ ہیں جنہیں سمیٹنے کے لیے انہیں مزید وقت دیا جائے۔ عمائدین کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستانی معشیت میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کررکھی ہے حکومت ایسا کوئی نظام وضع کرے جس کے ذریعے ہماری رقم ہمیں واپس مل سکے، ہم افغانستان واپس جانے کے لیے تیار ہیں مگر حکومت ہماری سرمایہ کاری سے متعلق ہمارے لیے واضح گائیڈ لائن جاری کرے۔ افغان مہاجرین نے دعویٰ کیا کہ برسوں سے موجود افغان باشندوں نے ملک میں کم از کم چار ارب روپے سے زیادہ کی رقم پاکستانی معیشت میں داخل کی ہوئی ہے اور یہ رقم پراپرٹی خریدنے، لوگوں کو ادھار دینے، شراکت داری کاروباری اور دیگر شعبہ جات میں لگی ہوئی ہے، ملک کے مختلف حصوں میں ہمیں پولیس کی جانب سے ہراساں کرنا بند کیا جائے اور ہمیں افغانستان جانے کا باعزت اور محفوظ راستہ فراہم کیا جائے۔